نئی دہلی:12 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) فوج کے سیاسی استعمال کے سلسلے میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو لکھے گئے مبینہ خط پر کانگریس نے سابق فوجیوں کے تیءں یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیراعلی ٰیوگی آدتیہ ناتھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر لیڈروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کو بتایا کہ سابق فوجیوں نے صدر کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے فوج کے سیاسی استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس خط پر فوج کے 156 سابقہ افسروں اور فوجیوں کے دستخط ہیں۔ تاہم راشٹر پتی بھون نے ایسا کوئی خط موصول ہونے سے انکار کیا ہے۔ ادھر فوج کے کئی افسران نے بھی ایسے کسی خط سے لاعلمی کا ظاہر کیا ہے۔کانگریس لیڈر نے مسٹر مودی، مسٹرآدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے دیگر لیڈروں کی کئی تقریروں کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ صدر تینوں مسلح افواج کے سربراہ ہیں۔ اس لئے فوج کے سیاست کے لئے استعمال کو روکنے کی خاطر وزیر اعظم، اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اوربی جے پی کے دیگر لیڈروں کے خلاف انہیں کا رروائی کرنی چاہئے۔